شاہ محمود قریشی اور عمران خان کے درمیان ملاقات میں تلخ جملوں کا تبادلہ،نجی ٹی وی نے بڑا دعویٰ کر دیا 

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ جیل سے رہائی کے بعد شاہ محمود قریشی کی زمان پارک میں عمران خان سے ہونے والی ملاقات تلخی کے بعد ختم ہو گئی اور اس کے بعد شاہ محمود قریشی کراچی اپنی اہلیہ کی تیمارداری کیلئے روانہ ہو گئے ۔

نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی کے ملتان میں ایک انتہائی قریبی دوست کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی نے پارٹی چیئرمین کو کہا کہ آپ وقتی طور پر پیچھے ہٹ جائیں، بیرون ملک چلے جائیں یا اگر بیرون ملک نہیں جانا تو یہاں ہی رہیں مگر لب کشائی بند کردیں، ہمیں معاملات طے کر لینے دیں، معافی تلافی ہو لینے دیں، جب سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا تو آپ واپس تحریک انصاف کو سنبھال لیجئے گا، مشکل وقت ہے اور جذبات کے بجائے دانشمندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں میں تلخی بھی ہوئی اورسخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی ملتان کے جس حلقے سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اس حلقے سے تعلق رکھنے والے ان کے فنانسر اور سپورٹر ابھی تک رہا نہیں ہوپائے۔اس ذریعے کے مطابق شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو یہ بھی کہا کہ جو ریٹائرڈ لوگ آپ کو گمراہ کررہے ہیں ان حالات میں وہ آپ کی کوئی مدد نہیں کرسکتے جس پر عمران خان نے شاہ محمود قریشی سے برہمی کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں