خاتون کرکٹر نے بابر اعظم اور محمد رضوان سے اہم سوال پوچھ لیا

لاہور( آن لائن) پاکستان ویمن ٹیم کی اوپنر بیٹر سدرہ امین نے کہا ہے کہ  سارے ہی کھلاڑی پسند ہیں، سب ہی اچھا کھیل رہے ہیں، آج کل بابر اعظم اور محمد رضوان ہر جگہ چھائے ہوئے ہیں۔انہوں نے استفسار کیا کہ ہم تو مین ٹیم کی کرکٹ کو بہت شوق سے دیکھتے ہیں لیکن اب کوئی صحافی بابر اعظم یا محمد رضوان سے یہ سوال پوچھے کہ کیا وہ ویمن کرکٹ کے میچز دیکھتے ہیں یا ان کو کونسی ویمن پلیئر پسند ہے۔ان کا کہنا ہے کہ  ویمن کرکٹ کو اتنی پذیرائی نہیں ملتی، میں چاہتی ہوں کہ میڈیا ویمن کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ سپورٹ اور اس کی کوریج کرے تاکہ ویمن کرکٹ کو فروغ ملے۔

انہوں نے کہا کہ کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں لیکن آپ کو جتنے مواقع ملتے ہیں اس سے کچھ نہ  کچھ سیکھتے ہیں، ابتداء میں کم چانس ملے لیکن میں نے اپنی کرکٹ کو بہتر کرنے کے لیے بہت محنت کی ، اب مجھے مواقع مل رہے ہیں تو ان سے فائدہ اٹھا رہی ہوں۔ایک سوال کے جواب میں سدرہ امین کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی قیادت کے حوالے سے سلیکٹرز ہی بہتر بتا سکتے ہیں لیکن پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا بہت بڑا چیلنج ہے جو بھی اس چیلنج کو قبول کرتا ہے وہ بہت آگے جاتا ہے، اگر مستقبل میں کپتانی کی آفر ہوئی تو اس وقت سوچوں گی، اس وقت تو پاکستان کپ جیتنے کی بہت خوشی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں