لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو گرفتاری کے بعد کیمپ جیل میں رکھا جا رہا ہے اور نجی ٹی وی چینل 24نیوز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ انہیں جیل کے اسی سکیورٹی بلاک میں رکھا گیا ہے جہاں عمران خان کی حکومت کے دوران وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کو قید رکھا گیا تھا۔
جیل حکا م کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کے میڈیکل ٹیسٹ کرائے گئے ہیں اور ان کی تمام رپورٹس نارمل ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الٰہی کو جیل کا کھانا دیا جائے گا۔ انہیں گھر سے کھانا منگوانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جیل انتظامیہ کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ عام طور پر کرپشن کے کیسز میں قیدیوں کو پیر یا جمعرات کو اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کی اجازت ہوتی ہے تاہم چوہدری پرویز الٰہی دونوں میں سے جس دن ملاقات کرنا چاہیں کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ لاہور کی ایک مجسٹریٹ عدالت نے چوہدری پرویز الٰہی کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا ہے۔پنجاب پولیس کی طرف سے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جو عدالت نے مسترد کر دی تھی۔