اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ عوام کے سامنے لانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ اراکین، سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کو 300ڈالر (تقریباً 80ہزار روپے) سے زیادہ قیمتی تحفہ گھر لیجانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
وزیراعظم کی طرف سے یہ بات کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی گئی۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ کابینہ ڈویژن کی آفیشل ویب سائٹ پر پوسٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ججز اور مسلح افواج کے افسران بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف کی تفصیل مہیا نہیں کرتے۔ صرف صدر مملکت، وزیراعظم، اراکین اسمبلی، وزراءاور بیوروکریٹس بیرونی دوروں سے واپسی پر ریاست کو ملنے والے تحائف کی تفصیل بتاتے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران سپریم کوٹ کے ایک جج کی لیک ہونے والی آڈیو کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ”اس آڈیو سے بعض ججز کی مسلم لیگ ن کے خلاف جانبداری ثابت ہو چکی ہے۔ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں لیکن اگر کوئی جانبداری ہو رہی ہے تو ہم اپنی آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے کیسز ان ججز کو ریفر نہ کیے جائیں جن کا رویہ ہمارے ساتھ تعصبانہ ہے۔“