اسلام آباد( آن لائن)سپریم کورٹ نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کی بحالی کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا،سپریم کورٹ نے 17 فروری کو غلام محمود ڈوگر کی بحالی حکم سنایا تھا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق حکم نامے میں کہاگیاہے کہ غلام محمود ڈوگر ٹرانسفر کی منظوری زبانی طور پر حاصل کی گئی، زبانی منظوری کے بعد تحریری طور پر الیکشن کمیشن سے اجازت حاصل کی گئی ، بعدی النظرمیں غلام محمود ڈوگر کی ٹرانسفر سپریم کورٹ کے 2 دسمبر کے حکم کی خلاف ورزی ہے ۔
حکم نامے میں کہاگیاہے کہ غلام محمود ڈوگر کا معاملہ پہلے سے سپریم کورٹ میں زیرسماعت تھا،غلام محمود ڈوگر کی ٹرانسفر کا23 جنوری کا حکم برقرار نہیں رکھا جا سکتا ،غلام محمود ڈوگر کی ٹرانسفر کا 23 جنوری کا حکم معطل کیا جاتا ہے ۔عدالت نے کہاکہ غلام محمود ڈوگر کیس کی آئندہ سماعت پولیس ٹرانسفر پوسٹنگ کیس کے ساتھ کی جائے ۔