اسلام آباد (آن لائن) وفاقی دارالحکومت کے مشہور کردار گولڈن مین کو سادہ لباس اہلکاروں نے گرفتار کرلیا۔
اسلام آبادین نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں کچھ سادہ لباس لوگوں کو گولڈن مین کو پکڑنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، پاس ہی دو سے تین لوگ بھی کھڑے ہیں جو حیرت کے ساتھ یہ مناظر دیکھ رہے ہیں، گولڈن مین کی جانب سے بھرپور مزاحمت کی گئی تاہم انہیں پکڑ لیا گیا۔
ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق گولڈن مین کو سادہ لباس میں پولیس اہلکاروں نے ڈی چوک کے ٹریفک سگنل سے گرفتار کیا ہے۔ گولڈن مین نے اپنی گرفتاری کی وجہ پوچھی تو پولیس اہلکاروں نے کہا کہ بس ہمارے ساتھ چلو۔
یہ واضح نہیں ہے کہ گولڈن مین کو کس بنا پر گرفتار کیا گیا ہے، اسلام آباد پولیس کی طرف سے بھی اس حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی۔