اسلام آباد ( آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والے مذاکرات کے اہل نہیں ہو سکتے، ان کا احتساب ہونا چاہئیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ مذاکرات سیاسی عمل کا کلیدی جزو ہیں جو جمہوریت کے ارتقاء میں اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں. تاریخ ایسی سیاسی اور آئینی کامیابیوں سے بھری پڑی ہے جب سیاسی قائدین مذاکرت کی میز پر بیٹھے اور قومی امور پر اتفاقِ رائے قائم ہوا. تاہم یہاں ایک بنیادی فرق یہ ہے کہ انتشار پھیلانےاور جلاؤ گھیراؤ کرنے والے ایسے لوگ جو خود کو نام نہاد سیاست دان کہلواتے ہیں، مذاکرات کے اہل نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے سیاستدان اور ان کے عسکریت پسندانہ اقدامات کیلئے احتساب ہونا چاہئیے اور یہ کوئی معیوب بات نہیں بلکہ دنیا کی ترقی یافتہ جمہوریتوں میں بھی ایسے لوگوں کا محاسبہ کیا جاتا ہے۔