لاہور (آن لائن) تحریک انصاف کی حکومت میں ہم خیال چھینہ گروپ نے بھی عمران خان سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سابق صوبائی وزیر ملک غضنفر عباس چھینہ کی قیادت میں پی ٹی آئی کے ہم خیال چھینہ گروپ نے بھی تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم خیال چھینہ گروپ میں سابق صوبائی وزرا اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ پی ٹی آئی کے 19 ٹکٹ ہولڈرز بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق چھینہ گروپ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پی ٹی آئی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کرے گا، سابق صوبائی وزیر ملک غضنفر عباس چھینہ نے پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہم خیال چھینہ گروپ کے رہنماؤں کو لاہور بلا لیا ہے، ہم خیال چھینہ گروپ کا اہم اجلاس آج شام چھینہ ہاؤس لاہور میں ہوگا۔