صرف مذمت سے معافی نہیں مل سکتی ، ایک ایک شخص سے معافی مانگنا ہوگی،شرجیل میمن 

کراچی( آن لائن)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کاکہناہے کہ صرف مذمت سے معافی نہیں مل سکتی ، ایک ایک شخص سے معافی مانگنا ہوگی۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کیپیٹل ہل حملہ کیس کے ماسٹر مائنڈ کو 18 سال قید کی سزا ہوئی ،پاکستانی املاک پر کیپیٹل ہل سے زیادہ شرمناک حملے ہوئے،بلاول بھٹو کہہ چکے عمران خان پہلے شہدا اور قوم سے معافی مانگیں، پھر مذاکرات ہونگے

ان کاکہناتھا کہ ہمارے اداروں نے بڑے تحمل اور صبر کا مظاہرہ کیا، گھر میں کوئی گھسے تو سیلف ڈیفنس کا حق پوری دنیا میں تسلیم شدہ ہے، عمران خان نے این آر او لینے کیلئے دنیا کا کوئی دروازہ نہیں چھوڑا ،عمران خان نے لوگوں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا۔

وزیر اطلاعات سندھ کاکہناتھا کہ عمران خان کو خصوصی عدالتی ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے،عمران خان کو خصوصی پروٹوکول دیا جاتا ہے، عدالتوں نے وفاقی حکومت کے ہاتھ باندھے رکھے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہاکہ سرکاری املاک ، پولیس کی بسوں اور ایمبولینسز کو آگ لگائی گئی، بانی پاکستان کی رہائشگاہ جناح ہاﺅس کو جلایا گیا،آگ لگانے کے بعد آپ مذمت کرلیں اور معاملہ ختم، عمران خان نے غنڈہ گردی کی اورڈان بننے کی کوشش کی، صرف مذمت سے معافی نہیں مل سکتی ، ایک ایک شخص سے معافی مانگنا ہوگی۔

ان کاکہناتھا کہ عمران خان بین الاقوامی لابی کے ذریعے نکلنے کی کوشش کررہاہے،عمران خان کو کوئی پرواہ نہیں کہ ورکرز جیلوں میں پڑے ہیں،عمران خان کا نام لسٹ میں ڈالا تاکہ فرار نہ ہو سکے،جنہوں نے یاد شہداپر حملہ کیا ان کو کیسے معاف کردیا جائے؟کمیشن بنانا حکومت کا مینڈیٹ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں