مسجدالحرام میں دنیا کا سب سے بڑا ساؤنڈ سسٹم نصب

مسجدالحرام میں دنیا کا سب سے بڑا ساؤنڈ سسٹم نصب کردیا گیا، 7 ہزار سے زائد اسپیکروں کے سسٹم پر 120 سے زیادہ انجینیر اور تکنیکی ماہرین کام کرتے ہیں۔ العربیہ نیوز کے مطابق صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کی جانب سے مسجدالحرام میں مسلسل دیکھ بھال کے لیے بہترین خدمات کی انجام دہی کے ساتھ دنیا کا سب سے بڑا ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے، یہ جدید ترین ساؤنڈ سسٹم دنیا کا سب سے بڑا صوتی نظام ہے، جو جدید ترین اینٹینا اور حساسیت کے ساتھ کام کرتا ہے، مسجدالحرام میں کل 7 ہزار سے زیادہ اسپیکر نصب کیے گئے ہیں، یہ سسٹم جدید آلات کا استعمال کرتے ہوئے اس جگہ کی ضروریات کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جس کو چلانے کے لیے تربیت یافتہ ماہرین مقرر کیے گئے ہیں جو 24 گھنٹے اس سسٹم کے ذریعے آڈیو سگنل کو اللہ کے مقدس گھراور مسجدالحرام کے کونے کونے تک پہنچانے کے لیے مصروف رہتے ہیں۔

اس حوالے سے مسجدالحرام میں الیکٹرانک بزنس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر انجینیر سعید بن خلف العمری نے بتایا کہ آڈیو سسٹم اذان کے معیار کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے، سسٹم میں اذان اور اقامت کے ساتھ نماز پنجگانہ بھی ادا کی جاتی ہے اور ہر نماز سے پہلے مستقل طور پر 120 سے زیادہ انجینیرز اور تکنیکی ماہرین اس سسٹم پر کام کرتے ہیں، یہ عملہ آڈیو نیٹ ورک کو فیڈ کرنے کے لیے مستقل بنیادوں پرکام کرتا ہے، ساؤنڈ سسٹم مسجدالحرام کے ہالز، صحنوں اور گیلریوں حتیٰ کہ اطراف کی سڑکوں تک آواز پہنچاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آڈیو سسٹم کو چلانے کے لیے 2 سائٹس سے اس کی نگرانی کی جاتی ہے، جن میں سے ایک مسجدالحرام کے مرکزی کنٹرول روم میں اور دوسری سعودی ٹی وی چینل میں ہے، جسے ایک کمپنی چلاتی ہے، آواز کو مائیکروفون کے ذریعے اعلیٰ درجے کی حساسیت کے ساتھ پہنچایا جاتا ہے جو مکہ مکرمہ کی مسجدالحرام کے مؤذنوں اور اماموں کی آوازوں کو ایک آڈیو بیلنس کے مطابق پکڑتا ہے جس پر روزانہ کی بنیاد پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ تمام حصوں میں آواز کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔انجینیر سعید بن خلف العمری نے بتایا کہ کنٹرول رومز کے اندر سے آواز کا توازن اس طرح سے کیا جاتا ہے کہ اس سے نمازیوں کوکسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، امام اور موذن کی آواز مسجد کے تمام اندرونی اور بیرونی مقامات میں یکساں پہنچتی اور سنائی دیتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں