لاہور( آن لائن)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس علی باقر نجفی نے کہاکہ اسی نوعیت کا ریلیف آپ نے سپریم کورٹ سے بھی مانگاہے،کیا آپ کو یہ درخواست واپس نہیں لینی چاہیے ۔
نجی ٹی وی چینل” دنیا نیوز” کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے سماعت کی۔
عدالت نے عمران خان کے وکیل کو ہدایت کی کہ آج اپنے دلائل مکمل کریں۔سرکاری وکیل نے کہاکہ عمران خان کیخلاف تمام کیسز کی فہرست فراہم کر دی ہے،عمران خان نے سپریم کورٹ میں 9 مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست کی،درخواست کے بعد ہائیکورٹ میں اسی نوعیت کی درخواست پر کارروائی کیسے ہو سکتی ہے؟
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا ہمارے پاس موجود درخواست میں مختلف نکات اٹھائے گئے ہیں،پہلے بھی 9 مئی کے بعد درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ۔ اسی نوعیت کا ریلیف آپ نے سپریم کورٹ سے بھی مانگاہے،کیا آپ کو یہ درخواست واپس نہیں لینی چاہیے ۔
جسٹس انوارالحق نے کہاکہ کیا آپ نے 9 مئی کے واقعات پر درج مقدمات میں ضمانت لی ہے؟سلمان صفدر نے جواب دیا کہ ہم نے ضمانتیں کرا لی ہیں، جسٹس انوارالحق نے کہاکہ آپ شواہد والی بات متعلقہ عدالت میں کریں۔جسٹس علی باقر نجفی نے کہاکہ عدالت نے ہر موقع پر درخواست گزار کو ریلیف دیااور انصاف تک رسائی کو یقینی بنایا،جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیاآپ عدالت سے اور کیا چاہتے ہیں؟
جسٹس عالیہ نیلم نے کہاکہ آپ ہمیں شروع دن سے کہتے آئے ہیں کہ 100 سے زائد مقدمات ہیں،سرکاری وکیل نے کہایہ واضح ہے کہ صرف پنجاب میں 9 مقدمات ہیں۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے وکیل سے استفسار کیا کہ بتائیں آج کے دن کیا ریلیف چاہیے؟اس پر سرکاری وکیل کے اعتراضات سن لیں۔