پشاور( آن لائن)پشاور ہائیکورٹ نے نگران خیبرپختونخوا حکومت کو کام سے روکنے کیلئے درخواست پر اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔چیف جسٹس مسرت ہلالی نے کہاکہ ہم گھنٹوں ووٹ کیلئے لائنوں میں کھڑے ہوتے ہیں ، یہ آپس میں لڑتے رہتے ہیں عوام کا کوئی خیال ہی نہیں ۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں نگران خیبرپختونخوا حکومت کو کام سے روکنے کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل بنچ نے سماعت کی ۔
چیف جسٹس مسرت ہلالی نے کہاکہ ہم گھنٹوں ووٹ کیلئے لائنوں میں کھڑے ہوتے ہیں ، یہ آپس میں لڑتے رہتے ہیں عوام کا کوئی خیال ہی نہیں ۔
چیف جسٹس خیبرپختونخوا نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں ملک کیلئے جو بھی ہو بہتر ہو،اگر یہ ملک ہے تو ہم ہیں ،ہماری بھی عزت اس ملک سے ہے، سب سے پہلے ملک آتا ہے ،دوسری باتیں بعد میں دیکھی جائیں گی ۔
عدالت نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، عدالت نے کیس کو اسی نوعیت کے دیگر کیسز کے ساتھ یکجا کرنے کے احکامات جاری کر دیئے،پشاور ہائیکورٹ میں کیس کی مزید سماعت 30 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔