دبئی میں گینگ نے 17 کروڑ روپے سے زائد کے سگریٹ چرالیے

متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں 9 رکنی گینگ نے 17 کروڑ 80 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد مالیت کے سگریٹ چرالیے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی میں 9 افراد کے ایک گینگ نے القصیص کے ایک گودام سے 25 لاکھ درہم ( 17 کروڑ 80 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) مالیت کے سگریٹ کے 375 ڈبے چرا لیے، ملزمان کے پکڑے جانے پر دبئی کی فوجداری عدالت نے انہیں مجرم قرار دیتے ہوئے 6 ماہ قید کی سزا سنائی، گروہ پر چوری شدہ مال کی مالیت کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جب کہ سزا پوری کرنے کے بعد انہیں ملک بدر کر دیا جائے گا۔پولیس کی تفتیش میں بتایا گیا ہے کہ تمباکو کی تجارت کرنے والی کمپنی کے ڈائریکٹر نے رپورٹ درج کرائی جس میں کہا گیا کہ ان کی کمپنی کے گودام میں چوری کی گئی ہے، اس حوالے سے متاثرہ کمپنی کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ جب وہ گودام پہنچا تو مرکزی دروازہ ٹوٹا ہوا تھا، اس کے بعد اسے معلوم ہوا گودام کے اندر سے سگریٹ کے 375 ڈبوں کی چوری ہوئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ سی آئی ڈی کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے اور مشتبہ افراد سے تفتیش کی، اس کے بعد تین ملزمان کو العویر میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پھل اور سبزیاں خریدنے والے صارفین کو خوردہ فروخت کے لیے سگریٹ پیش کر رہے تھے۔مجرموں میں سے ایک نے پولیس کو بتایا کہ چوری شدہ سامان العویر کے ایک گودام میں رکھا گیا تھا، اس کے بعد اتھارٹی نے گھات لگا کر چھاپہ مارا اور باقی گروہ کو سگریٹ کے ڈبوں کے ساتھ گرفتار کرلیا، اس کے بعد ملزمان کو عدالت پیش کیا گیا جہاں ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ سنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں