“عمران خان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں” چوہدری پرویز الہٰی منظر عام پر آگئے

لاہور ( آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی منظر عام پر آگئے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ انہیں  جب اللہ نے وزیریاعلیٰ بنایا تو  اس میں سب سے زیادہ کریڈٹ عمران خان کا ہے، عمران خان نےانہیں  یہ عہدہ دیا تھا جس پر  انہوں  نے ان سے وفا کی، عمران خان نے جب یہ عہدہ واپس مانگا تو  واپس بھی دے دیا، ہم اب بھی عمران خان کے ساتھ اسی طرح کھڑے ہیں،  میں اور مونس الٰہی عمران خان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے۔

چوہدری وجاہت حسین کے ق لیگ میں واپس جانے پر پرویز الہٰی نے کہا کہ وہ بالکل چوہدری وجاہت حسین کے خلاف نہیں ہیں، انہوں نے اپنے حالات کے مطابق فیصلہ کیا ہے۔ مجھے اور مونس الٰہی سمیت تمام فیملی کو ان کے اس فیصلے سے کوئی رنج نہیں ہے۔ جس طرح آج چودھری وجاہت حسین نے پریس کانفرنس کی اس سے ہمیں ان کے حالات کا اندازہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے بیانیے کو بھی سپورٹ کرتے ہیں لیکن ہماری یہ خواہش ہے اور اس کا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں کہ فوج ہمارا اپنا ادارہ ہے، غلط فہمیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن ہماری کوشش ہے کہ فوج اور اسٹبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے ہوں، عمران خان نے ہمارے ساتھ وعدے پورے کیے، اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ڈٹ کے ان کے ساتھ کھڑے رہیں، مشکل وقت میں بھی ہم عمران خان کے ساتھ ہیں، یہی

ہمارا قول ہے اور یہی ہماری سیاست کا اصول ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ انہوں  نے اپنے پہلے دور میں بھی اپنی مخالفت کیے بغیر کام کیا، ریسکیو 1122 بنایا، دین کے حوالے سے خدمات سرانجام دیں جس میں  ان کے  بچوں مونس الٰہی اورراسخ الٰہی کا بڑا رول رہا۔

انہوں نے کہا ہمیں یہ پتہ ہونا چاہئے کہ کسی کے ادارے کو انکروچ نہیں کرنا، ہمیں اپنی حدود میں رہ کر آگے بڑھنا ہے، قوم کو ایک صحیح سمت اور روشنی دکھانی ہے تاکہ وطن میں ترقی ہو سکے۔

خیال رہے کہ میڈیا پر ایسی خبریں سامنے آئی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی گزشتہ رات سے روپوش ہیں۔ وہ خاموشی سے اپنے گھر سے چلے گئے اور دوبارہ کسی کے رابطے میں نہیں آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں