تبلیسی (آن لائن) جارجیا کی قومی ایئر لائن جارجین ایئرویز کے بانی نے ملک کی صدر پر اس کی خدمات استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ یہ پابندی صدر کے اس بیان کے بعد لگائی گئی ہے جب انہوں نے کہا تھا کہ وہ روس کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے پر ایئر لائن کا بائیکاٹ کریں گی۔
روس نے اس ماہ اعلان کیا تھا کہ وہ جارجیا کے ساتھ براہ راست پروازوں پر عائد چار سال پرانی پابندی ختم کر رہا ہے اور روس جانے والے جارجیا کے لیے ویزا کی دہائیوں پرانی شرط کو ختم کر رہا ہے۔ صدر سلوم زورابیچولی نے جارجیا کے حکام پر زور دیا کہ وہ روسی اقدام کو ناکام بنائیں تاہم اس اپیل کو انہوں نے نظر انداز کر دیا۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق نجی ملکیت والی جارجیائی ایئرویز کے بانی تماز گائشویلی نے اپنے بیان میں کہا کہ صدرِ مملکت اب “ناپسندیدہ شخصیت” ہیں اور جب تک وہ ‘جارجیائی عوام کے سامنے معافی نہیں مانگیں گی’ ان پر پابندی ہوگی۔ صدرِ مملکت کی طرف سے اس پابندی پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
اگرچہ جارجیا کے حکام نے پروازوں کی بحالی کا خیرمقدم کیا تاہم کچھ جارجیائی باشندے جو چاہتے ہیں کہ جنوبی قفقاز کا ملک ماسکو سے یورپی یونین کے حق میں خود کو دور کر لے، انہوں نے وسطی تبلیسی میں اس اقدام کے خلاف مظاہرہ کیا۔ جارجیا کی حکومت نے حالیہ برسوں میں ماسکو کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کام کیا ہے اور یوکرین کی جنگ کے بعد روس پر پابندیاں عائد کرنے سے انکار کر دیا ہے۔