سعودی تاریخ میں پہلی بار ایئرپورٹ پر خواتین طبی عملہ تعینات

سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار ایئرپورٹ پر خواتین طبی عملہ تعینات کردیا گیا، جدہ کا کنگ عبد العزیز ایئرپورٹ خواتین پیرامیڈکس بھرتی کرنے والا مملکت کا پہلا ہوائی اڈا بن گیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب میں جدہ کے کنگ عبد العزیز ایئرپورٹ پر پہلی مرتبہ خواتین پیرا میڈیکس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ایئرپورٹ مملکت کا پہلا ہوائی اڈہ ہے جہاں ہنگامی اور نازک معاملات کے لیے طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے خواتین پیرا میڈیکس کو تعینات کیا گیا ہے۔

پیرامیڈیکس میں شامل ایک خاتون نے بتایا کہ ہمارا تربیتی پروگرام 3 ماہ تک جاری رہا، یہ پروگرام 2 مراحل پر مشتمل ہے، جس کا پہلا مرحلہ نظریاتی تعلیم اور دوسرا عملی اطلاق پر مشتمل ہے، اس پروگرام میں ہمیں مملکت آنے والے مسافروں، خاص طور پر زائرین اور عمرہ کرنے والوں کی خدمت کرنے کی تربیت دی گئی، یہ پروگرام جدہ ہوائی اڈے کمپنی کی طرف سے مملکت کی سطح پر شروع کیا جانے والا پہلا ایمبولیٹری پروگرام ہے، جس میں طبی عملے کے ایک بیچ کو پاس آؤٹ کیا گیا۔

علاوہ ازیں سعودی عرب نے پہلی بار کسی بھی سعودی خاتون کو خلاء میں بھیجنے کا بھی اعلان کیا ہے، سعودی خلائی کمیشن کے نئے پروگرام کے تحت 2023ء میں پہلی سعودی خاتون کو خلا میں بھیجا جائے گا، نئے خلائی پروگرام کے تحت سعودی عملے کو خلا میں بھیجنا مملکت کے لیے ایک تاریخی واقعہ ہوگا، اس کے لیے سعودی خلائی کمیشن نے اپنے خلاباز پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد اہل اور تجربہ کار سعودی شہری تیار کرنا ہے جو طویل اور مختصر مدت کی خلائی پروازوں میں حصہ لیں، جن کا مقصد سائنسی تجربات، بین الاقوامی تحقیق اور مستقبل کے خلائی مشنوں میں حصہ لینا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ یہ اقدام سعودی عرب کے اس مقصد کا حصہ ہے کہ اس کے شہریوں کو عالمی سطح پر خلائی شعبے میں دستیاب امید افزا مواقع سے فائدہ اٹھانے اور انسانیت کی خدمت کرنے والی تحقیق میں حصہ ڈالنے کی اجازت دی جائے جب کہ نیا خلائی پروگرام سعودی وژن 2030ء کے تحت متعارف کرایا گیا ہے، جس کی مزید تفصیلات کا اعلان آنے والے مہینوں میں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں