فیصل آباد( آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ جتنا مرضی زور لگا لیں 14 مئی کو کسی صورت انتخابات نہیں ہوں گے۔
فیصل آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ انتخابات اسی سال نگران سیٹ اپ کی زیر نگرانی ہوں گے، اکتوبر زیادہ دور نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے معاہدوں کی وجہ سے شدید مشکلات ہیں، مہنگائی کی ذمہ دار عمران خان کی حکومت ہے، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچا لیا ہے ، اب پستی کا سفر رک چکا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا ، 2018 میں مجھے ہروانے کے لیے حلقے کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا اس کے باجود عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ، آج میں جو کچھ بھی ہوں حلقے کی عوام کی وجہ سے ہوں ۔