’مجھے لگا زمین پھٹ جائے گی‘: ترک صوبے حتائی میں ایک اور زلزلہ

ترکی میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے اے ایف اے ڈی کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی صوبی حتائی میں 6.4  شدت کا ایک اور زلزلہ محسوس کیا گیا۔

ابھی تک ترک حکام نے زلزلے کے ان جھٹکوں سے کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی تاہم ریسکیو اہلکاروں کے مطابق کچھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ترکی میں چھ فروری کو آنے والے زلزلے سے 40 ہزار جب کہ ہمسایہ ملک شام میں چھ ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

زلزلے سے متاثرہ ایک خاتون مونا العمر کے مطابق ’میں اپنے خیمے میں بیٹھی تھی کے مجھے لگا زمین پھٹ جائے گی۔‘

ان کا کہنا تھا اس وقت انہوں نے اپنے سات سال کے بیٹے کو بانہوں میں لے رکھا تھا۔

اس زلزلے کے جھٹکے مصر اور لبنان میں بھی محسوس کیے گئے۔

سوموار کی شب آٹھ بجکر چار منٹ پر آنے والے اس 6.4 شدت کے زلزلے کا مرکز آدانا اور انطاکیہ سے 300 کلو میٹر دور شمال میں تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق زلزلے کی شدت سے پہلے سے زمین بوس عمارتوں کا ملبہ لزر اٹھا جبکہ چھ فروری کو آنے والے زلزلے سے متاثر ہونے والی عمارتیں بھی ہل گئیں۔

ترکی کے ادارہ برائے قدرتی آفات کے مطابق چھ فروری کو آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد سے اب تک ترکی میں چھ ہزار سے زائد آفٹرشاکس محسوس کیے جا چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں