ایمنڈ نے پیمرا کی جانب سے دھماکوں اور فائرنگ کی کوریج پر عائد پابندی کو غیرقانونی قرار دے دیا

لاہور( آن لائن)ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے پیمرا کی جانب سے دھماکوں،فائرنگ اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی کوریج پر عائد پابندی کو غیرقانونی اور آمرانہ سوچ کا عکاس قرار دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ایمنڈ نے کہا کہ پیمرا تواتر کے ساتھ ٹی وی چینلزکو ہراساں کرنے اور دباؤ میں لانے کے مختلف حربے استعمال کررہا ہے۔ اظہار وجوہ کے غیرضروری نوٹسز کیبل آپریٹرز کے زریعے نشریات میں خلل ڈالنے اور مختلف عدالتی احکامات کی غلط تشریح کی آڑ میں ٹی وی چینلز پر طرح طرح کی پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔ ایمنڈ نے کہا سیاسی رہنماؤں کی تقاریر نشر کرنے پر اعلانیہ اور غیراعلانیہ پابندیوں اور عوامی اجتماعات کی کوریج روکنے کے احکامات کے بعد اب دھماکوں،فائرنگ اور ناخوشگوار واقعات کی کوریج پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے جو سراسر بدنیتی اور قانون کے غلط استعمال کی بدترین مثال ہے۔ ایمںڈ اس قسم کی تمام پابندیوں کو مسترد کرتی ہے۔ ایمنڈ نے کہا کہ پیمرا ریگولیٹ کرنے کے بجائے ڈکٹیٹ کرنے کی روش پر عمل پیرا ہے۔ جس کا مقصد چینلز کو حقائق دکھانے سے روکنا،اظہار رائے کی آزادی کو سلب کرنا اور عوام کو حق معلومات سے محروم کرنا ہے۔ جس کی ایمنڈ بھرپور مذمت کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں