ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں حسنِ قرآت کی تقریب سجائی گئی جس میں قراء کرام نے خوبصورت آواز میں تلاوت کلام کریم کرکے سامعین کے دلوں کو منور کیا.
دارالحکومت ریاض میں جمعیت اہلحدیث کی جانب سے منعقدہ محفل حسن قرآت کی تقریب میں کمیونٹی ممبران کی بڑی تعداد شریک تھی۔ کمسن بچوں سمیت نوجوان قراء کرام نے قرآن مجید کی خوبصورت انداز میں تلاوت کی اور سننے والوں کے دلوں کو کلام الہیٰ سے منور کیا.
اس موقع پر مکتبہ دارالسلام کے مدیر مولانا عبدالمالک مجاہد سمیت سید تاج ، فیصل علوی ، خالد اکرم رانا، پروفیسر ڈاکٹر اویس، قاری اسد اللہ اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید ایک ایسا معجزہ ہے جو پوری انسانیت کے لئے ضابطہ حیات ہے ، یہ مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہے اور معاشرے کی اخلاقی اقدار کی بلندی کا ذریعہ ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ قرآن مجید کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالا جائے. آخر میں قراء کرام کو سرٹیفکیٹس اور انعامات سے نوازا گیا.