پنجاب اور خیبر پختونخوامیں بارشوں سے گندم کی فصل کو کتنا نقصان پہنچا ؟ تفصیلات آ گئیں

لاہور،پشاور(این این آئی) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں  وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے .موسم کا احوال بتانے والوں نے اگلے 24گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کردی اور لاہور سمیت صوبہ بھر میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، گزشتہ شب سے مغربی ہواؤں کے داخل ہونے کے باعث خنکی میں اضافہ ہو گیا۔دوسری جانب شدید بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا.ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں بالخصوص گندم کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ادھر پنجاب کے دیگر شہروں اوکاڑہ، رینالہ خورد اور حجرہ شاہ مقیم میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔دوسری جانب خیبرپختونخوا میں شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ  وقفے وقفے سے جاری رہا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چترال، بونیر، سوات، ایبٹ آباد، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کے بیشتر مقامات پر تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے صوبے کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں