بھارت میں سی آر پی ایف کے جوان نے چھٹی سے واپس آکر ڈیوٹی جوائن کرتے ہی خود کشی کرلی

بھارتی ریاست  چھتیس گڑھ کے ضلع دنتے واڑہ  میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک جوان نے مبینہ طور پر اپنے سروس ہتھیار سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ ہفتہ کی رات کو  ریاستی دارالحکومت رائے پور سے تقریباً 400 کلومیٹر دور برسور پولیس سٹیشن کے علاقے میں سی آر پی ایف کی 195ویں بٹالین کے ہیڈکوارٹر میں پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ جوان اتوار کی صبح 1.40 بجے رائے پور کے ایک اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

انہوں نے کہا کانسٹیبل گنین داس جو سی آر پی ایف کی 195 ویں بٹالین سے تعلق رکھتے تھے، نے یونٹ میں اپنی بیرک میں انسااس رائفل سے خود کو گولی مار لی۔ گولی چلنے کی آواز سن کر اس کے ساتھی وہاں پہنچے  تو اسے شدید زخمی پایا۔اسے فوری طور پر یونٹ کے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں سے اسے دنتے واڑہ ضلعی ہسپتال منتقل کیا گیا۔بعد میں اسے ہوائی جہاز سے رائے پور لے جایا گیا اور ایک پرائیویٹ ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست  آسام کے رہنے والے داس نے ہفتہ کو چھٹی سے واپس آنے کے بعد ڈیوٹی جوائن کی تھی۔  موقع پر کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا اور خود کشی کے محرکات  جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں