پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات التوا کیس کا محفوظ فیصلہ آج سنایا جائے گا

اسلام آباد( آن لائن) سپریم کورٹ پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات التوا کیس کی سماعت مکمل ہونے پر محفوظ فیصلہ آج سنائے گی۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے تحریک انصاف کی اپیل پر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات میں تاخیر سے متعلق کیس کا فیصلہ گزشتہ روز محفوظ کیا تھا۔

گذشتہ سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا تھا کہ ملک میں ایسے حالات پیش آ سکتے ہیں کہ انتخابات ملتوی کر دیئے جائیں تاہم وفاقی حکومت نے ایسا کوئی مواد پیش نہیں کیا جس پر الیکشن ملتوی کئے جا سکیں، انتخابات کی راہ میں حائل رکاوٹوں سے بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ حکومت نے الیکشن کرانے کی آمادگی ہی نہیں ظاہر کی،ماضی میں عدالت اسمبلی کی تحلیل کالعدم قرار دے چکی ہے،ماضی میں حالات مختلف تھے،ملک میں کوئی سیاسی مذاکرات نہیں ہو رہے،رکاوٹوں سے آگاہ کرنے کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی تھی، لوگ من پسند ججز سے فیصلہ کرانا چاہتے ہیں۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل عرفان قادر نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ کوشش ہے اپنی بات مختصر رکھوں،چیف جسٹس عمر عطابندیال نے کہاکہ آپ کتنی دیر دلائل دیں گے،عرفان قادر نے کہاکہ میں کوشش کروں گا 30 منٹ میں اپنی بات مکمل کرلوں۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ اگر جج پر اعتراض ہو تو وہ بنچ سے الگ ہو جاتے ہیں،ایک طرف ایک جماعت دوسری طرف تمام جماعتیں ہیں، بینچ سے جانبداری منسوب کی جا رہی ہے،پوری پی ڈی ایم ماضی میں بھی فل کورٹ کا مطالبہ کر چکی ہے، فل کورٹ پر عدالت اپنے رائے دے چکی ہے، پتہ پتہ بوٹا بوٹا باغ تو سارا جانے ہے،جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے باغ تو سارا جانے ہے۔

عرفان قادر نے کہاکہ عدالت پر عدم اعتماد نہیں انصاف ہوتا نظر آنا چاہئے،عدالت کا ایک فیصلہ پہلے ہی تنازع کا شکار ہے،فی الحال انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا ،میری نظر میں انصاف نہیں ہورہا،ممکن ہے کچھ غلط فہمی ہو،الیکشن کی تاریخ دینے کا فیصلہ الیکشن کمیشن پر چھوڑنا چاہئے،فیصلہ تین دو کا تھا یا 4/3 کا اس پر بات ہونی چاہئے،9 میں سے 4 ججز نے درخواستیں خارج کیں،3 ججز نے حکم جاری کیا۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ یکم مارچ کا عدالتی حکم اقلیتی نوٹ تھا،عدالت اس تنازع کو حل کرنے کیلئے اقدامات کرے،فیصلے کی تناسب کا تنازع ججز کا اندرونی معاملہ نہیں ہے،درخواستیں خارج کرنے والے چاروں ججز کو بھی بنچ میں شامل کیا جائے،سرکلر سے عدالتی فیصلے کا اثر زائل نہیں کیا جا سکتا،چیف جسٹس اپنے سرکلر پر خودجج نہیں بن سکتے،عوام کا عدلیہ پر اعتماد ہونا لازمی ہے۔

عرفان قادر نے کہاکہ ایک گروپ کے بنیادی حقوق پر اکثریت کے حقوق کو ترجیح دینی چاہئے،قومی مفاد آئین اور قانون پر عملدرآمد میں ہے،آئین میں 90دن میں انتخابات ہونا الگ چیز ہے،ملک میں کئی سال سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات اکٹھے ہوتے ہیں،ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہونا چاہئیں، ایک ساتھ انتخابات سے مالی طور پر بھی بچت ہو گی،قومی اسمبلی کے انتخابات میں بھی نگران حکومت ضروری ہے،صوبائی اسمبلی چند ماہ پہلے تحلیل ہوئی ہے2 سال پہلے نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں