لاہور کی حالیہ تاریخ کے اہم ترین منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا

لاہور کا مصروف ترین مقام ٹریفک کیلئے بند، شہر کی حالیہ تاریخ کے اہم ترین منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شاہدرہ چوک میں ملٹی لیول گریڈ سیپریشن فلائی اوور کی تعمیر کا آغاز کردیا ہے اورایل ڈی اے کی جانب سے شہریوں سے تکلیف کی پیشگی معذرت کرتے ہوئے شاہدرہ چوک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے ہفتہ18فروری سے بند کر دیا گیا۔

ٹیپا، ایل ڈی اے نے ٹریفک پولیس کی معاونت سے ٹریفک ایڈوائزری و متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیاہے اورشہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ گوجرانوالہ /سیالکوٹ جانے کے لیے موٹروے /رنگ روڈ کا استعمال کریں۔شیخوپورہ جانے کے لیے موٹروے /رنگ روڈ اور سگیاں بائی پاس کا استعمال کریں۔

لاہور شہر جانے کے لیے موٹر وے/رنگ روڈ اور سگیاں بائی پاس کا استعمال کریں۔لوکل ٹریفک شاہدرہ ڈسٹری بیوٹری،بارہ دری اور کالاخطائی روڈ کا استعمال کرے۔ایل ڈی اے نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ متبادل ٹریفک پلان کا استعمال کریں۔شاہدرہ ملٹی لیول فلائی اوور کی تعمیر سے شاہدرہ چوک میں ٹریفک کے مسائل کا مستقبل حل ہو گا۔ڈی جی ایل ڈی اے عامر احمدخان نے ٹیپا اور متعلقہ ٹریفک پولیس کو ٹریفک ڈائیورژن پلان پر عملدرآمد کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے گزشتہ برس نومبر میں شاہدرہ فلائی اوور منصوبے کی منظوری دی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ منصوبے پر 8 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئے گی، جبکہ منصوبہ 10 ماہ کی مدت میں مکمل ہو گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہدرہ چوک گزشتہ چند برسوں سے ٹریفک کے سنگین مسائل کا شکار ہے۔ شاہدرہ چوک لاہور میں ٹریفک کا سب سے بڑا چوکنگ پوائنٹ بن چکا، اسی لیے اب اس مقام پر اربوں روپے کی لاگت سے ملٹی لیول گریڈ سیپریشن فلائی اوور کی تعمیر کا آغاز کیا گیا ہے، جس سے لاہور میں ٹریفک کا مسائل میں واضح کمی آنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں