وزیر دفاع متنازع ٹوئٹ پر نجم سیٹھی پر برس پڑے۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ شخص اسٹیٹ سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کا موازنہ پی ایس ایل سے کررہا ہے، ہماری اشرافیہ کو صرف اپنا مفاد عزیز ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کی ٹویٹ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ یہ شخص اسٹیٹ سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کا موازنہ پی ایس ایل سے کررہا ہے، سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ پر حملہ حلال ہے اور پی ایس ایل پر حرام۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اشرافیہ کو صرف اپنا مفاد عزیز ہے، قومی سلامتی اور قیمتی جانیں ڈسپوزایبل ہیں۔ سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کراچی پولیس چیف آفس پر حملے کے تناظر میں تحریک طالبان پاکستان کے حوالے سے صبح ایک ٹویٹ کی تھی،
جسے شدید تنقید کے بعد ڈیلیٹ کردیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو نہیں رہا بلکہ ہو چکا ہے، ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں۔انہوں نے سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ بتیس سال ملک کو رسوا ہوتے دیکھا۔کبھی اسٹیبلشمنٹ اور کبھی بیوروکریسی کے ہاتھوں۔زندگی کے اس حصے میں احساس ہوا کہ عمر رائیگاں گزری ہے۔ ڈیڑھ سال پہلے دہشت گردوں کو کون پاکستان میں دوبارہ لایا۔
ہم نے ملک کو غیر محفوظ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ہمیں خود احتسابی کی ضرورت ہے۔خواجہ صاحب نے مزید کہا ملک کے تمام مسائل کا حل ملک کے اندر ہی ہے، آئی ایم ایف کے پاس نہیں۔ دین سے دوری کی وجہ سے ہم کامیاب قوم نہیں بن سکے۔ہم سب کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ کراچی حملے میں سیکیورٹی اداروں نے بہادری سے دہشت گردوں کا سامنا کیا۔سیکورٹی اہلکار رات بھر دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے رہے۔خیال رہے کہ گذشتہ رات کراچی پولیس آفس میں فورسز کے آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے دھماکا کردیا، رینجرز اور پولیس چوتھے فلور کو کلیئر کروانے پہنچی تو خودکش حملہ آور نے دھماکے سے اڑا لیا، دھماکے سے عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے اور عمارت کا کچھ حصہ ٹوٹ کر گیا، کراچی پولیس آفس میں دہشتگردوں کے حملے میں 2 افراد شہید اور4 زخمی ہوئے، زخمیوں میں رینجرز اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔