اسرائیل نے لبنان پر فضائی حملے کرکے 3 افراد کو شہید کر ڈالا

غاصب اسرائیل نے لبنان پر فضائی حملے کرکے 3 افراد کو شہید کر ڈالا۔ نجی ٹی وی چینل” 24نیوز” کے مطابق لبنانی میڈیا کی طرف سے اپنی رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ شہید ہونے والوں میں ایک حزب اللہ کا جنگجو بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر بربریت کے بعد لبنان سے حزب اللہ اپنے فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے آگے آئی، جس پر اسرائیل کی طرف سے لبنان پر بھی حملے شروع کر دیئے گئے۔ کئی ہفتوں سے لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر اسرائیلی فوج اور حزب اللہ میں شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی (این این اے) کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ”دشمن کے جنگی جہازوں نے آدھی رات کو لبنان کے شہر بنت جبیل کے عین وسط میں ایک گھر کو نشانہ بنایا، جس میں ایک شخص اپنے بھائی اور بھابھی سمیت شہید ہو گیا۔ حزب اللہ کی طرف سے تصدیق کی گئی ہے کہ شہید ہونے والا علی بازی حزب اللہ کا جنگجو تھا۔ اس کے ساتھ اس کا بھائی ابراہیم اور بھابھی شوروق حمود بھی اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں