اسلام آباد ایئرپورٹ سٹاف نے خاتون مسافر کا لاکھوں روپے سے بھرا ہوا گمشدہ بیگ واپس دلا دیا

اسلام آباد ایئرپورٹ سٹاف نے خاتون مسافر کا گمشدہ بیگ اسے واپس دلا دیا، جس میں 40لاکھ روپے مالیت کا سامان موجود تھا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق کراچی سے اسلام آباد آنے والی خاتون مسافر اپنا بیگ ’بے بی چینجنگ روم‘ میں بھول گئی تھی۔ایئرپورٹ سٹاف کی سینٹری اٹینڈنٹ صوبیہ آصف بے بی چینجنگ روم میں گئی اور ایس او پیز کے تحت وہاں پڑے اس لاوارث بیگ کو اپنی تحویل میں لے لیا اور اسے لیجا کر ٹرمینل منیجر برائے آمد تبسم آراءکے حوالے کر دیا۔انہوں نے یہ بیگ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ’لاسٹ اینڈ فاﺅنڈ آفس‘ میں جمع کرا دیا۔ اس بیگ میں 110برطانوی پاﺅنڈ، 22ہزار 830پاکستانی روپے، 10تولے طلائی زیورات، 2قیمتی موبائل فون اور ایک لیڈیز سوئس واچ موجود تھی۔ ان تمام اشیاءکی مالیت کا تخمینہ 40لاکھ روپے سے زائد کا لگایا گیا ہے۔ یاد آنے پر خاتون نے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطہ کیا، جنہوں نے ضروری کارروائی کے بعد بیگ خاتون کے حوالے کر دیا۔ خاتون نے بیگ واپس پا کر سول ایوی ایشن انتظامیہ کی تعریف کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ خاتون نے سٹاف کی لیڈی ورکر صوبیہ آصف کی بھی تعریف کی جنہوں نے ایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے یہ بیگ سینئر آفیسر کے حوالے کیا۔ رپورٹ کے مطابق صوبیہ آصف کو اس ایمانداری پر 25ہزار روپے انعام اور تعریفی سند دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں