عمر اکمل کے ساتھ زیادتی ہوئی، بابر کپتان ہے،دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، کامران اکمل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر کامران اکمل اپنے چھوٹے بھائی عمر اکمل کے دفاع میں بول اٹھے۔

رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ عمر اکمل کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے، اس کے ساتھ زیادتی ہوئی، میرے خیال میں زیادتی ایک حد تک ہونی چاہیے کہ اگلے بندے کو سبق حاصل ہو، سائیڈ لائن کردینا سمجھ سے باہر ہے۔سلیکشن کمیٹی، ٹیم مینجمنٹ یا کوئی کوچ نیا آتا ہے، بابر کپتان ہے، اس سمیت ان سب نے ٹیم بنانی ہے، کپتان پر منحصر ہے، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، آنے والی سیریز میں پرامید ہوں کہ جب سب کو موقع دیا ہے تو اس کو بھی دیا جائے گا، جب عماد وسیم کا کم بیک ہوا ہے تو عمر کا بھی ہوگا۔

کامران اکمل نے کہا کہ عمر قومی ٹیم میں آنے کا اہل ہے، ورلڈکپ اور ایشیاءکپ قریب ہے، میرے خیال میں ٹیم کے مڈل آرڈر کو عمر اکمل جیسے کھلاڑی کی ضرورت ہے، عمر نے ہمیشہ ٹیم کے لیے کھیلا ہے۔

انہوں نے عمر اکمل کی انٹرنیشنل کرکٹ میں پابندی کے بعد میدان میں شاندار طریقے سے واپسی پر کہا کہ  اس کی واپسی بہت مشکل تھی جس کے لیے اس نے برسوں جدوجہد کی۔

کامران اکمل سابق کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ عمر کو پی ایس ایل میں کم موقع ملا، کوئٹہ کے لیے جب بھی وہ بیٹنگ کرنے آتا کم گیندیں باقی رہتی تھیں، اس میں بھی اس نے پورا پرفارم کرنے کی کوشش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں