بھارت کی جانب سے پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے ٹیم نہ بھیجنے کے سخت مؤقف کے جواب میں پاکستان نے بھی ورلڈکپ 2023 کیلئے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔
ورلڈ کپ 2023 میں پاک بھارت میچز بنگلادیش میں ہونے کا امکان ہے ۔ یہ ایونٹ رواں برس اکتوبر نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں واضح طور پر یہ کہہ دیا ہے کہ حکومت کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے ان کیلئے ایشیا کپ میں ٹیم پاکستان بھیجنا ممکن نہیں جس کے بعد پی سی بی نے بھی ورلڈکپ کے میچز بھارت میں کھیلنے سے منع کردیا۔
اب کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو نے دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کیلئے نیوٹرل وینیو کے حوالے سے بات چیت شروع ہوچکی ہے اور پاکستان کے میچز کیلئے بنگلہ دیش ممکنہ طور پر نیوٹرل وینیو ہوسکتا ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ تجویز دبئی میں ہونے والے بورڈ اجلاس میں سامنے آئی تاہم فی الحال یہ صرف تجویز ہے اور اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
اجلاس میں پاکستان نے یہ مؤقف بھی اپنایا کہ اگر بھارت ایشیا کپ کیلئے پاکستان نہیں آتا تو اس کا اثر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پر بھی ہوگا جو فروری 2025 میں پاکستان میں ہی شیڈول ہے۔ایشیا کپ میں بھارت کے پاکستان نہ آنے کی صورت میں یو اے ای، عمان، سری لنکا اور انگلینڈ بھی بھارت کے میچز کی میزبانی کیلئے متوقع وینیوز کے طور پر زیر غور ہیں۔ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے کم سے کم دو بار آمنے سامنے آنے کا امکان ہے۔