آپ نے عربوں کی کہانیوں میں الہ دین کے اڑنے والے قالین کے بارے میں تو پڑھا ہوگا لیکن کیا آپ نے کبھی اڑنے والے صوفے کے بارے میں سنا ہے؟ دبئی کے رہائشی جیمز پینی حال ہی میں ایک عجیب صورت حال کا شکار ہوئے جب ہوا کے ایک جھونکے نے ان کا بالکل نیا 22530 درہم (تقریباً ساڑھے 17 لاکھ روپے) کا رتن صوفہ غیر متوقع سفر پر بھیج دیا۔
خلیج ٹائمز کے مطابق یہ سب اس وقت شروع ہوا جب صوفہ انگلینڈ کے شہر لیڈز ویسٹ یارکشائر میں 10ویں منزل کے پینٹ ہاؤس ٹیرس سے اڑ گیا اور 100 میٹر کے فاصلے پر ایک لیمپ پوسٹ کے سپائک میں پھنس گیا۔ صوفے کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، کسی نے فیس بک مارکیٹ پلیس پر اس کی مفت تشہیر بھی شروع کردی۔
پینی جو کہ مورگن کنگ ریکروٹمنٹ گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیں ، 15 جنوری کو جمیرہ ولیج سرکل میں ایک میٹنگ میں شریک تھے جب ایک دوست نے انہیں اپنے فلائی وے آنگن کے فرنیچر کی تصویر اس پیغام کے ساتھ بھیجی، ‘کیا یہ تمہارا ہے؟’
خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی تارک وطن پینی نے بتایا ‘میں نے بے یقینی سے آنکھیں رگڑیں۔ یقیناً یہ میرا صوفہ تھا۔ میں نے اسے فوری طور پر پہچان لیا کیونکہ میں نے اسے چند ہفتے پہلے ہی خریدا تھا، مجھے اب بھی حیرت ہوتی ہے کہ صوفہ اتنی دور تک اڑ کر کیسے پہنچا، میں اس بات پر بھی شکر گزار ہوں کہ یہ کسی راہگیر پر نہیں گرا۔”