وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بس بہت ہو چکا، لاڈلے کو ملک سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دیں گے، اب قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کے دوران کہا کہ عمران نیازی کے دور میں ترقی کی ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی، لاڈلے نے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کو مجروح کیا، عمران خان کی بد انتظامی نے ملک کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا، سائفر کو ہاتھ میں لے کر پوری ڈھٹائی سے قوم سے جھوٹ بولتا رہا۔ عمران خان نے لابنگ فرمز ہائر کی ہیں، اب ہمارے خلاف بیانات چلوائے جا رہے ہیں۔ اس سے پہلے فوج کے خلاف بیان بازی کی گئی۔ اس نےقوم کو تقسیم در تقسیم کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ لاڈلے نے قانون و آئین کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا، خاتون جج کو دھمکیاں دیں، کسی نے نوٹس نہیں لیا۔ یہ وہی لاڈلا ہے جس نے پارلیمنٹ کو گالی دی، آئی ایم ایف معاہدے کو تارتار کیا۔ اس کی حکومت نے اپوزیشن کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا کر مقدمے قائم کئے۔قانون پر عملدرآمد کیلئے جانے والوں پر پٹرول بم پھینکے گئے، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے ہمیں ان معاملات پر ٹھوس لائحہ عمل اختیار کرنا ہو گا۔ عمران خان کو پاکستان سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم کی بطور آرمی چیف تقرری سو فیصد میرٹ پر کی، پی ٹی آئی کے ٹرولز لندن میں فوجی قیادت کے خلاف زبان استعمال کر رہے ہیں۔ دہشت گرد اس کے گھر دندناتے ہوئے پھر رہےہیں۔ یہ لاڈلہ کسی عدالت کے سامنے پیش ہونے کو تیار نہیں، لاڈلے کو ضمانتیں مل رہی ہیں، یہ تو جنگل کا قانون ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ سیاست دانوں کے خلاف کیسز بنتے ہیں، کتنے ججوں کو کرپشن پر نکالا گیا۔ آئین میں مقننہ ، عدلیہ اور اداروں کے کردار کا تعین کر دیا گیا۔ چیف جسٹس پاکستان آڈیو لیکس کا فرانزک کروائیں۔ ریاست کی خاطر ہم نے قومی مفاد کو مقدم رکھا اور اپنی سیاست کو داؤ پر لگا دیا۔