صدر مملکت کا چیف الیکشن کمشنر کو لکھے خط کا معاملہ،الیکشن کمیشن کو الفاظ پر اعتراض

پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں انتخابات کا معاملہ،الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کے خط کے الفاظ پر اعتراض اٹھا دیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا جس پر الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کے خط میں استعمال کیے گئے الفاظ پر اعتراض اٹھا دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع الیکشن کمیشن کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت نے خط میں نامناسب الفاظ استعمال کیے،الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کے خط کا جواب تیار کر لیا،الیکشن کمیشن خط کا جواب آج ہی دے گا۔ذرائع الیکشن کمیشن کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ عارف علوی کی دعوت پر ایوان صدر جائیں گے لیکن دیکھنا ہو گا کہ صدر کو الیکشن سے متعلق تاریخ دینا کا آئینی اختیار ہے یا نہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا جس میں انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت دی،صدر مملکت نے 20 فروری کو ایوان صدر میں الیکشنز کے حوالے سے مشاورت کی دعوت بھی دی تھی،خط میں کہا گیا کہ ایکٹ کے تحت صدر مملکت انتخابی تاریخوں کا اعلان مشاورت کے بعد کریں گے۔

عارف علوی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بے حسی پر ناراضی کا اظہار بھی کیا۔ صدر عارف علوی کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک پہلے خط کا جواب نہیں دیا،بے چینی سے انتظار تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری کا احساس اور اس کے مطابق کام کرے گا۔ خط میں کہا گیا کہ اہم معاملے پر الیکشن کمیشن کے افسوسناک رویے پر مایوسی ہوئی،معاملے پر عدالتی فیصلے اور اہم مشاہدات جیسی پیشرفت ہوئی،آئینی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو انتخابات پر مشاورت کیلئے مدعو کرتا ہوں ،جبکہ اس سے پہلے بھی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دو صوبوں میں الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے لیے چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کو خط لکھا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں