اتنا بڑا معاشی بحران ریلوے میں کبھی نہیں دیکھا، تنخواہیں اور پنشن دینا مسئلہ بنا ہوا ہے ، سعد رفیق

وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ اتنا بڑا معاشی بحران ریلوے میں کبھی نہیں دیکھا، تنخواہیں اور پنشن دینا مسئلہ بنا ہوا ہے ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ پاکستان ریلوے نے 100 دن کیلئے ایک پلان بنایا ہے، گرین لائن کی طرح 2 اور ٹرینز کا آغاز کر رہے ہیں ، 2 ٹرینوں کے اضافے سے گرین لائن پر بوجھ کم ہو گا،ان کا کہناتھا کہ پشاورسے کراچی نئی کارگوٹرین سروس کا آغاز کرنے کا ارادہ ہے، ریلوے کی اراضی کو کمرشل سرگرمیوں کیلئے استعمال کریں گے، اداروںں کو بچانے کیلئے ان کے ذرائع آمدن میں اضافہ کرنا ہوگا۔

وزیرریلوے نے کہاکہ اس بار بھی عید پر سپیشل ٹرینیں چلیں گی ، اس بار پاکستان ریلویز کے پاس وسائل بالکل نہیں ہیں ، گرین لائن پر مسافروں کا پریشرکافی ہے ، اتنا بڑا معاشی بحران ریلوے میں کبھی نہیں دیکھا،تنخواہیں اور پنشن دینا مسئلہ بنا ہوا ہے ۔

ان کاکہناتھا کہ ریلوے سٹیشنز اور دفاتر کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، پاکستان ریلوے نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے ۔

خواجہ سعد رفیق کاکہناتھا کہ چلتے ہوئے ملک کو خراب کر دیا گیا، چور ڈکلیئر کردیا پھر چوری ثابت بھی نہ کر سکے، یہ نیب کے اندر ریٹائرڈ سیشن جج لگا رہے تھے، صوبائی اسمبلی کوئی کھلونا نہیں ،ایک آدمی نے حکم دیا، 2 وزرائے اعلیٰ زمین پر لیٹ گئے،اب آپ جو کہیں گے وہ بالکل بھی نہیں ہوگا، آپ فاشسٹ ہیں، آپ کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں۔

وزیر ریلوے نے کہاکہ پاکستان انہوں نے نہیں ہمارے بزرگوں نے بنایا ہے، آپ ملی بھگت سے فیصلے کرتے تھے،مجھ سے معافی مانگنے کا کیا فائدہ،قوم سے معافی مانگیں، نوازشریف کو انصاف کس نے دینا ہے؟وہی انصاف دیں جنہوں نے ناانصافی کی ہے، اس بار ہماراپیچھے ہٹنے کا کوئی ارادہ نہیں،عمران خان لوگوں کو گمراہ کرنے والا آدمی ہے ،اب یہ جلسہ کرے یا جلسی،ا سطرح راستہ نہیں ملنا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں