محکمہ خوراک ڈیرہ غازی خان نے کارروائی کرتے ہوئے بظاہر ناقص کوالٹی اور زیادہ موائسچر والا آٹا فراہم کرنے پر خلیل فلور مل اور تھری سٹار فلور مل کو دو دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے گندم کا کوٹہ منسوخ کردیا ہے اور آٹا کے معیار کو چیک کرنے کے لیے ڈی جی خان ڈویژن کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرلرز کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
محکمہ خوراک کے ترجمان کے مطابق چند مقامات پر آٹا کی کوالٹی کی شکایات ملنے پر ڈویژن کی 73 فلور ملاز سے آٹا کے 61 سیمپل لے کر کوالٹی کنٹرول لیبارٹری بہاولپور بھجوادئیے گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ کے مطابق پاسکو سے خرید کی گئی امپورٹڈ اور مقامی گندم کی مشترکہ پسائی سے بظاہر آٹا براﺅ مائل ہوتا ہے تاہم محکمہ خوراک کی جانب سے آٹا کے معیارکو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔