خلیجی ملک کویت کے ویزوں کا تیز ترین اجراء ممکن ہوگیا کیوں کہ ’ویزا کویت‘ آن لائن ایپلی کیشن نے کام شروع کردیا ہے، جس سے جلد اور درست انداز میں ویزوں کی منظوری دی جائے گی۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ نے غیر ملکیوں کے کویت میں داخلے کو منظم کرنے سے متعلق ’ ویزا کویت‘ (VISA KUWAIT) الیکٹرانک ایپلی کیشن کے آزمائشی آغاز کا اعلان کیا ہے، اس ایپلی کیشن کے ذریعے ناصرف الیکٹرانک طور پر جلد اور درست طریقے سے داخلے کے ویزوں کی منظوری دی جائے گی بلکہ کارکنوں اور وزیٹرز کے ہوائی جہاز میں سوار ہونے سے پہلے ہی ان کے داخلے کی خصوصیات کی جانچ کی جائے گی۔اس حوالے سے وزارت نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایپ کا اجراء نائب وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور قائم مقام وزیر دفاع شیخ طلال خالد الاحمد الصباح کی ہدایات کی روشنی میں ملک میں غیر ملکیوں کے داخلے کو منظم کرنے اور داخلے کے ویزوں کی جعلسازی اور ہیرا پھیری کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے، ویزا کویت ایپلی کیشن کے اجراء کا مقصد مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے، عدالتوں کو مطلوب افراد یا متعدی بیماریوں سے متاثرہ افراد کو ملک میں داخلے سے روکنا ہے۔
وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس وقت وزارت خارجہ، مختلف ایئرلائنز اور بیرون ملک کویتی سفارت خانوں کے ساتھ اس ایپلی کیشن کے باضابطہ آغاز کے لیے کام اور ہم آہنگی جاری ہے، ایپلی کیشن کے تجرباتی آغاز سے ایئر لائنز، غیر ملکی کارکنان اور کویتی سفارت خانوں میں کام کرنے والے اس ایپلی کیشن کو ڈاؤن لوڈ اور استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہیں تاکہ غیر ملکی کارکنوں کے داخلے کی درخواست کی خصوصیات کی درستگی کو یقینی بنایا جا سکے۔وزارت نے مزید کہا ہے کہ ریاست کی مختلف وزارتوں کے ساتھ مل کر خدمات کے ایک سیٹ کو شامل کرنے کے لیے کام جاری ہے، جس کا مقصد کارکنوں کو لیبر قوانین، داخلے کے طریقہ کار اور بہت سے دیگر فوائد کے بارے میں آگاہ کرنا ہے جن کا مقصد آبادی کو منظم کرنا اور لیبر مارکیٹ کو ترقی دینا ہے۔