این ڈی ایم اے نے گزشتہ دنوں آنیوالے زلزلے کے نقصانات کی تفصیل جاری کردی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گزشتہ دنوں آنے والے زلزلے کے نقصانات سے متعلق تفصیل جاری کر دی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق گزشتہ دنوں پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ 

یہ 6.8شدت کا زلزلہ تھا جس کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں تھا۔ زلزلے کے آفٹر شاکس میں ایک3.7شدت کا بڑا زلزلہ بھی آیا۔ این ڈی ایم اے کے مطابق اس زلزلے میں خیبرپختونخوا میں 11لوگ جاں بحق ہوئے جبکہ مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 79لوگ زخمی ہوئے۔

اتھارٹی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے شہر صوابی میں چھت گرنے سے 5لوگ زخمی ہوئے، چترال میں گھر کی چھت اور دیوار گرنے سے دو شہری زخمی ہوئے۔گلگت بلتستان کے علاقے استور میں لینڈ سلائیڈنگ ہونے سے راستہ بند ہو گیا۔ اسلام آباد کے علاقے ایچ الیون میں خدادا ہائٹس بلڈنگ کو نقصان پہنچا۔

زلزلے سے مجموعی طور پر 172گھروں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا، ان میں سے 169خیبرپختونخوا میں جبکہ باقی آزاد جموں و کشمیر میں تھے۔ان میں سے 22گھر مکمل تباہ ہوئے جبکہ باقی کو جزوی نقصان پہنچا۔زلزلے کے باعث حادثات میں 19جانوروں کی بھی ہلاکت ہوئی۔ان میں سے 17جانور خیبرپختونخوا جبکہ 2آزاد جموں و کشمیر میں ہلاک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں