سعودی عرب میں ملازمت کے معاہدوں کی آن لائن تصدیق کو لازمی قرار دے دیا گیا۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی عرب کے لیبر حکام نے مملکت میں تمام اداروں کو پابند کیا ہے کہ وہ آجروں اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے روزگار کے معاہدوں کی الیکٹرانک تصدیق کریں، یہ ہدایت انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی وزارت نے دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس کے پلیٹ فارم Qiwa کے ذریعے تصدیق سے کام کرنے کا ایک مستحکم ماحول بھی ملے گا جو ملازم کو زیادہ پیداواری ہونے اور اجرت کے تنازعات کو کم کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ Qiwa پلیٹ فارم کے ذریعے توثیق، جہاں وزارت کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں، آجروں کی لیبر رولز اور کنٹریکٹ ڈیٹا کی توثیق کرنے کے ساتھ ساتھ نجی شعبے میں غیر ملکی اور سعودی کارکنوں کے ملازمت کے معاہدوں سے متعلق معلومات کو اپ گریڈ کرنے میں مدد کرے گی۔
وزارت نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے ملازمت کے معاہدے کا مسودہ تیار کرنے کے بعد ملازم Qiwa Individual پر کارکن کے اکاؤنٹ کے ذریعے اسے منظور، مسترد یا اس میں ترمیم کی درخواست کر سکتا ہے، اگر دونوں فریق اسے منظور کرلیتے ہیں تو معاہدہ وزارت کے ذریعہ تصدیق شدہ ہوجاتا ہے۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ 2020ء میں سعودی عرب نے اپنے کفالت کے نظام میں زبردست بہتری لاتے ہوئے بڑی لیبر اصلاحات متعارف کروائیں، یہ اصلاحات آنے والے سال میں لاگو ہوئیں، جو ملازمت کی نقل و حرکت کی اجازت دیتی ہیں اور آجروں کی منظوری کے بغیر غیر ملکی کارکنوں کے لیے ایگزٹ اور ری انٹری ویزا کے اجراء کو منظم کرتی ہیں۔ ملازمین کی نقل و حرکت غیر ملکی کارکنوں کو آجر کی رضامندی کے بغیر پابند کام کے معاہدے کی میعاد ختم ہونے پر آجروں کے درمیان منتقلی کی اجازت دیتی ہے، دریں اثنا ایگزٹ اور ری انٹری ویزا اصلاحات غیر ملکی کارکنوں کو درخواست جمع کرانے کے بعد آجروں کی منظوری کے بغیر سعودی عرب سے باہر سفر کرنے کی اجازت دیتی ہے۔