مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

پنجاب پولیس نے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میں تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن میں پولیس نے 10 سے زائد کارکنان کو گرفتار کر لیا، ملتان میں گرفتار کارکنان کو مختلف تھانوں میں رکھا گیا۔

وہاڑی میں پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے، پولیس نے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا، پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق ناظم و سابق چیئرمین ضلع عشر و زکوٰۃ کاشف خان خاکوانی بھی گرفتار افراد میں شامل ہیں۔

بورے والا میں بھی پی ٹی آئی کارکنان اور سینئر رہنماؤں کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارےتاہم بیشتر رہنما اور کارکنان روپوش ہوگئے۔

بھکر میں بھی پی ٹی آئی کے سرگرم کارکنان کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مار کر متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا، منکیرہ کلورکوٹ اور دریا خان میں بھی پی ٹی آئی ورکرز کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں