ایک آسٹریلوی جوڑے نے ایک ہفتے میں دو بار لاٹری جیت لی ، انہوں نے ایک ملین امریکی ڈالر سے زیادہ انعام جیتا ہے۔ یہ انعامی رقم اس وقت دوگنی ہو گئی جب شوہر گزشتہ ہفتے قرعہ اندازی کے دوران بیوی کے پسندیدہ ٹکٹ نمبر جمع کرانا بھول گیا تھا جس کے بعد وہ ناراض ہو گئی ۔ غلطی کی تلافی کی امید میں آدمی نے دوسرا ٹکٹ خریدا اور قرعہ اندازی کے لیے جمع کرادیا۔ وولونگونگ کے بالکل جنوب میں ڈپٹو سے تعلق رکھنے والے اس جوڑے کو پیر کے لوٹو پر دو ڈویژن ون کے انعامات جیتنے پر 2 ملین آسٹریلین ڈالر ( 1.3 ملین امریکی ڈالر) سے نوازا گیا۔
ایک نیوز پورٹل سے گفتگو کرتے ہوئے خوش قسمت آدمی نے کہا ‘یہ دراصل ایک مضحکہ خیز کہانی ہے کہ ہم نے ایک ہی نمبر دوبار کیوں جمع کروایا۔میں گزشتہ ہفتے اپنی بیوی کے نمبر جمع کرانا بھول گیا تھا اور وہ مجھ سے زیادہ خوش نہیں تھی۔ اس لیے اس ہفتے میں نے سوچا کہ میں انہی نمبرز کو دو بار جمع کراؤں گا تاکہ اس کی تلافی کی جا سکے۔ اس کی بیوی تین دہائیوں سے یہی نمبر لے رہی ہے اور اس ہفتے ان کا جیک پاٹ لگ گیا اور تین عشروں کی محنت رنگ لے آئی۔
خاتون کا کہنا ہے کہ وہ انعامی رقم سے اپنے بچوں کا مستقبل سنوارے گی ، وہ اپنی بیٹی کیلئے گھر لے گی اور اپنے پوتوں، پوتیوں کیلئے بھی کچھ نہ کچھ کرے گی۔