2022 ء میں وزراء اور مشیران کے بیرون ملک دوروں سے متعلق رپورٹ جاری ہوئی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غیرملکی دوروں پر سرکاری خزنے سے کروڑوں روپے کی رقم خرچ کی گئی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال وزراء اور مشیروں کے غیر ملکی دوروں پر حکومتی خزانے سے 6کروڑ 99لاکھ 70 ہزار رسے زائد خرچ کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزراء میں سب سے زیادہ وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز قادر پٹیل کے بیرونی ممالک کے دوروں پر 10420163 روپے خرچ ہوئے۔
دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر تجارت نوید قمر کی بیرونی دوروں پر 5893812 روپے خرچ ہوئے، تیسرے نمبر پر وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کی بیرونی ممالک دوروں پر 4917454، سابقہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے بیرونی ممالک دوروں پر 4569160، عائشہ غوث وزیر مملکت برائے خزانہ 4096290، جب کہ وزیر مملکت برائے توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) مصدق ملک کے بیرونی ممالک دوروں پر 3500222 روپے خرچ ہوئے.
عمران خان کےمشیر برائے قومی سلامتی ڈویژن اور سٹریٹجک پالیسی پلاننگ ڈاکٹر معید یوسف، مشیر برائے تجارت اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤداور موجودہ حکومت کے فیصل کریم کنڈی بیرونی ممالک کے دوروں کے فہرست میں شامل ہیں۔