خیبر پختونخوا میں شانگلہ کی تحصیل پورن کے علاقے نیم کلے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک معروف کرکٹر کو اس کے بہترین دوست نے ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم سلیکشن پر جھگڑے کے دوران چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔
مقامی علاقے سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ معاذ علی کو اس کے دوست حبیب اللہ نے چھریوں کے وار کرکے سینے میں شدید زخمی کردیا۔تھانہ آلوچ پران کے ایس ایچ او عثمان منیر کے مطابق معاذ علاقے کا مشہور کرکٹر تھا جو اکثر ملزم کے ساتھ گھومتا رہتا تھا۔جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب دونوں میں ٹیم بنانے پر اختلاف ہوا جس کے نتیجے میں حبیب اللہ نے معاذ پر چاقو سے حملہ کر دیا۔
معاذ کو فوری طور پر پیر محمد شہید ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن بدقسمتی سے وہ اس حملے میں زخموں کی تاب نہ لا سکے۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے قاتل کو گرفتار کرلیا۔
مرحوم کے استاد فضل سبحان افغانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہونہار طالب علم کے انتقال پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔ معاز کی کمیونٹی میں عزت کی جاتی تھی اور وہ اپنے منفرد باؤلنگ سٹائل کے لیے جانا جاتا تھا، اس کے انتقال پر گاؤں کو گہرے سوگ میں چھوڑ دیا گیا۔