وفاقی حکومت نے نوجوانوں کو برسرروزگار کرنے اور بااختیار بنانے کے لیے 15مختلف پروگرامز متعارف کرا دیئے

وفاقی حکومت نے نوجوانوں کو برسرروزگار کرنے اور بااختیار بنانے کے لیے 15مختلف پروگرامز متعارف کرا دیئے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق گزشتہ روز متعارف کرائے گئے ان پروگرامز میں بااختیار نوجوان انٹرن شپ پروگرام بھی شامل ہے، یہ ایک ’پیڈ‘ پروگرام ہے جس کے ذریعے 60ہزار نوجوان کو انٹرن شپ ملے گی۔

اس کے علاوہ ان پروگرامز میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ پروگرام، بلوچستان اور سابق فاٹا کے طالب علموں کے لیے 5ہزار سکالرشپس، 75نیشنل ٹاپ ٹیلنٹ سکالرشپ پروگرام، سیرت چیئرز کا قیام، پسماندہ اضلاع میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے ذیلی کیمپسز کا قیام، یوتھ سکلز ٹریننگ پروگرام، ینگ ڈویلپمنٹ فیلوشپ پروگرام، سیون سنٹرز آف ایکسیلنس و دیگر پروگرامز شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ تمام پروگرام وزارت برائے ترقیاتی منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات کی طرف سے متعارف کرائے گئے ہیں۔اس حوالے سے وزیر برائے ترقیاتی منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ ”ہماری حکومت کی اولین ترجیح ملک کے نوجوانوں کو ایسی سہولیات دینا ہے، جن کے ذریعے وہ اپنے اپنے شعبوں میں آگے بڑھ سکیں۔ ہم وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن 2025ءکو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں اور اسی کے پیش نظر مذکورہ پروگرامز شروع کیے گئے ہیں۔“

اپنا تبصرہ بھیجیں