چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی دہشت گردی کے 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور کر لی گئی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان کی 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ چیئرمین تحریک انصاف عدالت میں پیش ہو گئے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 27 مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت عالیہ نے درخواستوں پر عمران خان کے دستخط کروانے کی ہدایت کی جس پر عمران خان نے درخواست اور حلف نامے پر دستخط کئے۔
عمران خان نے نیب کے دو کیسز میں بھی حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی جسے 2 رکنی بینچ نے واپس کر دیا۔ جسٹس شہباز رضوی نے ریمارکس دیئے کہ نیب کیسز کی سماعت کرنیوالا بینچ موجود ہے، مناسب ہے یہ درخواست متعلقہ بینچ ہی سنے۔
عمران خان نے اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ اور سی ٹی ڈی کے دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست دائر کی تھی۔