اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکومت کی موجودہ کارکردگی اور مہنگائی کی وجہ سے عوام مایوس دکھائی دیتے ہیں، ایسے میں سینئر صحافی حامد میر نے بھی وزیراعظم شہبازشریف کا پرانا ٹوئیٹ شیئرکرتے ہوئے سوال پوچھ لیا ہے کہ “نااہل ، نالائق اور کرپٹ کون ہے؟”۔
سینئر صحافی شہبازشریف کا وہ ٹوئیٹ شیئرکررہے تھے جس میں انہوں نے گزشتہ سال جنوری میں اس وقت کی حکومت کو کہا تھا کہ ” پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 3 روپے مزید اضافہ سراسر ظلم اور غریب عوام کا معاشی قتل ہے، عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پرعوام کو ریلیف نہیں دیا گیا تھا لیکن اضافے پر خوب پھرتی دکھائی جاتی ہے”۔
اپنے بیان کو جاری رکھتے ہوئے شہبازشریف مزید لکھتے ہیں کہ ” نااہلی، نالائقی اور کرپشن میں ڈوبی حکومت عوام کو مہنگائی کی دلدل میں ڈبو چکی ہے”۔
شہبازشریف کے اس بیان پر اب حامد میر نے سوال اٹھایا ہے کہ ” نااہل ، نالائق اور کرپٹ کون ہے”۔ان کے اس سوال پر ایک صارف نے لکھا کہ “جناب یہ آپ کی سپورٹ کے ساتھ ہی ممکن ہوا کہ آج یہ تخت پر بیٹھے ہیں۔ آپ جیسے اور بھی بہت سے صحافیوں نے ان کا ساتھ دیا اور ملک کو آج ایک ایسی جگہ لاکر کھڑا کیا کہ ایک غریب آدمی میں کسی چیز کو خریدنے کی بجائے مرنے کا سوچ رہا ہے”۔