افغانستان سے آنے والے ٹرک ڈرائیورز کے لیے پاسپورٹ اور ویزا لازمی قرار دے دیا گیا

 طورخم بارڈر کے راستے افغانستان سے آنے والے ٹرک ڈرائیورز کے لیے پاسپورٹ اور ویزا لازمی قرار دے دیا گیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق قبل ازیں ٹرک ڈرائیورز کے لیے صرف پاسپورٹ پاس ہونا لازمی تھا۔ 
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) طورخم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر یاسر عرفات کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ پاکستانی حکومت کی نئی پالیسی کے تحت اب کوئی بھی شہری طور خم بارڈر سے ویزے کے بغیر پاکستان میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ ان میں ٹرک ڈرائیورز اور پیدل آنے والے لوگ بھی شامل ہیں، جو اس سے پہلے ویزے کی شرط سے مستثنیٰ تھے۔
یاسرعرفات کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کے پاس پاسپورٹ اور ویزا نہیں ہو گا انہیں پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور پر سفاکانہ حملے کے بعد طورخم کے راستے افغانستان سے آنے والوں کے لیے ویزا اور پاسپورٹ لازمی قرار دیئے گئے تھے تاہم چند کٹیگریز اب بھی ویزے کی شرط سے مستثنیٰ تھیں، جن میں سرفہرست ٹرک ڈرائیورز تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں