ملتان کو شکست، لاہور مسلسل دوسری بار پی ایس ایل چیمپئن بن گیا

ملتان کو شکست دے کر لاہور قلندرز مسلسل دوسری بار پاکستان سپر لیگ کا چیمپئن بن گیا، لاہور پہلی ٹیم ہے جس نے پی ایس ایل میں اعزاز کا دفاع کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کی ٹرافی کیلئے حتمی معرکہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوا۔

دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 200 رنز بنائے اور ملتان کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف ملا۔

لاہور کی جانب سے عبداللہ شفیق 65، فخر زمان 39 اور شاہین آفریدی نے برق رفتار 15 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ شاہین آفریدی نے 5 چھکے اور 2 چوکے بھی لگائے۔ ملتان کی جانب سے اسامہ میر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ملتان سلطانز نے ڈٹ کر مقابلہ کیا تاہم مقررہ اوورز میں 199 رنز بناسکی اور ایک رن سے شکست کھا گئی۔

ملتان کی جانب سے رلی روسو 52 ، رضوان 34 اور خوشدل شاہ 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔ لاہور کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی نے آل راؤنڈ کارکردگی  کا مظاہرہ کیا ، پہلے بیٹنگ میں انہوں نے 44 رنز بنائے اور پھر ہدف کے دفاع میں 4 کھلاڑیوں کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔

راشد خان نے دو جبکہ ڈیوڈ ویسا نے ایک وکٹ حاصل کی

میچ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین نے کہا کہ ’میں نے سوچا تھا مشکل وقت ٹیم کے کام آؤں گا ، والدین کی دعاؤں سے جیت حاصل ہوئی۔‘

خیال رہے کہ لاہور قلندرز دوسری بار پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ بھی دو بار پی ایس ایل چیمپئن بن چکی ہے۔ ملتان سلطانز، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی ایک ایک بار ایونٹ جیت چکےہیں۔

فائنل میچ سے قبل ایونٹ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب بھی ہوئی جس میں نامور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں