حکومت کی طرف سے سال 1443-44ہجری کے لیے زکوٰة کا نصاب جاری کر دیا گیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق وزارت برائے تحفیف غربت و سماجی تحفظ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس سال 1لاکھ 3ہزار 159روپے پر زکوٰة لاگو ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یکم رمضان المبارک کو بینک اکاﺅنٹس سے زکوٰة کی کٹوتی کی جائے گی۔ کٹوتی کا اطلاق سیونگ اور پرافٹ اینڈ لاس شیئرنگ اکاﺅنٹس پر ہو گا، جبکہ یکم رمضان المبارک تک 1لاکھ 3ہزار 159روپے تک کا بیلنس رکھنے والے دیگر بینک اکاﺅنٹس سے بھی زکوٰة کی کٹوتی کی جائے گی۔
کمپنی اکاﺅنٹس، کرنٹ اکاﺅنٹس یا وہ صارفین جنہوں نے زکوٰة نہ کاٹنے کا ڈکلیریشن بینک میں جمع کرا رکھا ہے، ان کے اکاﺅنٹس سے زکوٰة نہیں کاٹی جائے گی۔ واضح رہے کہ زکوٰة اسلام کے پانچ اراکین ممیں سے ایک ہے۔ اس کے تحت بالغ مسلمان پر ساڑھے 7تولے سونے یا 52تولہ چاندی یا ان کے مساوی نقدی یا سامان تجارت پر زکوٰة ادا کرنا فرض ہے۔ کسی شخص کے پاس یہ تمام چیزیں ہوں اور ان کی مجموعی مالیت سونے اور چاندی کی مذکورہ مقدار کے برابر ہو تو اس پر بھی زکوٰة فرض ہو گی۔