بھارتی کرکٹرز کے حوالے سے انکشافات کرنے والے چیف سلیکٹر مستعفی

اسٹنگ آپریشن سے پیدا ہونے والے تنازع کے باعث چیتن شرما پر مستعفی ہونے کا دبائوتھا

نئی دہلی(تازہ ترین – 17 فروری2023ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے خود کو فٹ رکھنے کیلئے انجکشن لگانے کا انکشاف کرنے والے چیف سلیکٹر چیتن شرما مستعفی ہوگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف سلیکٹر چیتن شرما نے اپنا استعفیٰ سیکریٹری بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)جے شاہ کو بھجوایا جسے قبول کرلیا گیا۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسٹنگ آپریشن سے پیدا ہونے والے تنازع کے باعث چیف سلیکٹر چیتن شرما پر مستعفی ہونے کا دبائوتھا جبکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما سمیت کئی کرکٹرز ان سے ناراض تھے۔انہوں نے گزشتہ دنوں انکشاف کیا تھا کہ چیتن شرما کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی 100 فی صد فٹ رہنے کے لیے انجیکشن لیتے ہیں چاہے وہ 80فی صد فٹ ہی کیوں نہ ہوں۔

یہ انجیکشن درد کش نہیں ہوتے۔ ان انجیکشنز میں ایسی دوا ہوتی ہے جو ڈوپ ٹیسٹ میں نہیں پکڑی جاسکتی۔انہوں نے ویرات کوہلی اور بی سی سی آئی کے سابق صدر سورو گنگولی کے درمیان مبینہ تنازعہ سمیت جسپریت بمراہ کے حوالے سے بھی انکشافات کیے تھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق چیتن شرما پر استعفیٰ دینے کے لیے بہت دبائو تھا اور ان کے انکشافات کے بعد روہت شرما اور ہاردیک پانڈیا بہت غصے میں تھے۔واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20ورلڈکپ 2022 کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد چیتن شرما کو چیف سلیکٹر کے طور پر نامزد کیا تھا جبکہ سلیکشن پینل جس میں سلیل انکولا، ایس ایس داس، سبروتو بنرجی اور ایس شرتھ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں