دبئی میں گرفتاربھکاری کی مصنوعی ٹانگوں سے اتنی رقم برآمد کہ یقین کرنا مشکل 

دبئی میں ایک بھکاری کی مصنوعی ٹانگوں کے اندر سے کروڑوں روپے کی خطیر رقم برآمد ہو گئی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق اس بھکاری کو پولیس نے گرفتار کرکے اس کی مصنوعی ٹانگوں کو چیک کیا تو ان کے اندر سے 3لاکھ درہم (تقریباً 2کروڑ 30لاکھ روپے) نکل آئے۔

ڈائریکٹر آف دبئی اینٹی انفلٹریٹرز ڈیپارٹمنٹ کرنل علی الشمسی کی طرف سے وارننگ دی گئی ہے کہ ماہ رمضان آنے کے سبب اس طرح کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ڈیپارٹمنٹ ایسے فراڈ لوگوں کی سرکوبی کے لیے پرعزم ہے۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ سالوں میں دبئی میں پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ جعلی بھکاری معذوری کا ڈھونگ رچا کر لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرتے اوران سے رقم ہتھیاتے ہیں۔ مختلف رپورٹس کے مطابق پیشہ ور بھکاری دبئی میں روزانہ 1ہزار درہم (تقریباً 76ہزار روپے) تک کما لیتے ہیں۔ 

سیاحت کے عروج کے دنوں میں ان کی آمدنی اس سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔ یہ لوگ ٹیموں کی شکل میں کام کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ جگہیں تبدیل کرتے رہتے ہیں تاکہ پکڑے نہ جائیں۔ واضح رہے کہ دبئی میں رواں سال جنوری میں پولیس نے 159پیشہ ور بھکاری پکڑے تھے جن میں شامل ایک خاتون بھکاری کروڑوں روپے مالیت کی لگژری گاڑی کی مالک تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں