بھارت کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں فائنل بھی یو اے ای میں ہو گا: بھارتی میڈیا
بھارت کے ایشیا کپ 2023ء کے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلنے کا امکان ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ میں اپنے میچز یو اے ای میں کھیلنے کی تجویز دے دی۔ تجویز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایشیا کپ کا میزبان رہے اور دیگر ٹیموں کے میچز پاکستان میں کھیلے جائیں۔اسی طرح بھارت کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں فائنل بھی یو اے ای میں کھلائے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بورڈ آف کنٹرول کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو صرف آپشن دیا ہے، باقی فیصلہ ان کا ہے۔ خیال رہے کہ 4 فروری کو ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اجلاس میں وینیو کا حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا تھا۔اجلاس میں پی سی بی نے سخت مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے۔ واضح رہے کہ ایونٹ کے وینیو سے متعلق اے سی سی کے آئندہ اجلاس میں حتمی فیصلہ ہوگا۔